ریاض،20اکتوبر(ایجنسی) سعودی عرب کی وزارت محنت نے حال ہی میں کام کی جگہوں پر لباس کے ضابطے کی خلاف ورزی کی مرتکب خواتین پر ایک ہزار ریال تک جرمانہ عاید کرنے کے لیے حکم نامہ جاری کیا ہے۔وزارت کے اس اقدام پر سوشل میڈیا پر تند وتیز بحث چھڑ گئی ہے۔
ایک مقامی اخبار میں شائع شدہ رپورٹ کے مطابق وزارت محنت نے ایک نیا چارٹر جاری کیا ہے جس کے تحت کام کی جگہوں پر لباس کے ضابطے کی خلاف ورزی کرنے والی اور خاص طور پر سر نہ ڈھانپنے والی خواتین پر ایک ہزار ریال (266ڈالرز) جرمانہ عاید کیا جائے گا۔
اس چارٹر میں لباس سے متعلق قواعد
وضوابط بیان کیے گئے ہیں اور آجروں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ہاں کام کرنے والی خواتین کے لیے تحریری شکل میں لباس کا ضابطہ وضع کریں، جو کوئی آجر ایسا کرنے میں ناکام رہے گا تو اس پر پانچ ہزار ریال (1300ڈالرز) جرمانہ عاید کیا جائے گا۔
اس میں تمام کپمنیوں سے کہا گیا ہے کہ خواتین کے لیے واضح تحریری ہدایات جاری کریں کہ وہ دفاتر میں موجود ہوتے ہوئے اپنے سروں کو ڈھانپ کر رکھیں۔سعودی وزارت محنت نے خواتین کے لیے رات کی شفٹ میں کام کرنے کو لازمی قراردینے والے اداروں پر جرمانہ عاید کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔اس کے علاوہ خواتین کے لیے الگ سیکشن نہ بنانے والی فرموں پر دس ہزار ریال (2600 ڈالرز) تک جرمانہ عاید کیا جائے گا۔ایسی کمپنیوں کے لیے یہ لازم قراردیا گیا ہے کہ وہ ایک ماہ کے اندر صورت حال کی توثیق کریں۔